ہمارے ایک بزرگ اور محترم کالم نگار نے چند روز قبل جو دانشوری کے گل بکھیرے ہیں وہ اس امر کے غماز ہیں کہ زائد العمری کے باعث ان کا دماغ کچھ چل گیا ہے یا پھر دوسری صورت یہ ہو سکتی ہے کہ ان کے کالمز کوئی نو آموز لکھ رہا ہے اور ان کی مٹی پلید کرا رہا ہے۔ غالب امکان یہی ہے کہ موخر الذکر بات درست ہے۔ 17 جولائی 2009ء کو روزنامہ جنگ کراچی میں ارشاد احمد حقانی صاحب نے “عربی کی لازمی تعلیم فی الفور ختم کی جائے” کے عنوان سے جو “تمنا” کی ہے ذرا اسے ملاحظہ کیجیے۔ اس کالم کے ایک ایک جملے سے ناتجربہ کاری و لا علمی جھلک رہی ہے۔ خیر میں ناچیز اس کالم کا کیا جواب دوں کہ یہ فریضہ محترم ابو نثر نے انجام دیا ہے اور کیا خوب دیا ہے۔ گو کہ سفیر احمد صدیقی (روزنامہ جنگ) بھی اس کا جواب دے چکے ہیں لیکن وہ اس کالم کو کچھ زیادہ ہی سنجیدہ لے گئے جبکہ ابو نثر نے اُسی انداز تحریر کو ان پر پلٹایا ہے اور نام نہاد دانشوری کی دھجیاں بکھیری ہیں۔ ملاحظہ کیجیے پہلے محترم ارشاد احمد حقانی کی عربی پر تنقید (یہ کالم میں نے من و عن یہاں چھاپا ہے، اس میں املا کی اغلاط دراصل محترم بزرگ ہی کا کارنامہ ہیں)
محترم قارئین! ادھر کچھ عرصہ سے بوجہ علالت طبع میرے لئے کالم لکھنا ممکن نہیں ہوا۔ اچھا ہوا کہ آپ ایک ناگوار زحمت سے بچ گئے۔ اگرچہ میں اب بھی علیل ہوں لیکن آج ایک ایسا مسئلہ میرے سامنے ہے کہ میں اپنی علالت کے باوجود اس پر لکھنے پر مجبو ر ہوں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ادھر کچھ عرصے سے بعض محب وطن لیکن نادان لوگوں نے سکولوں کے بچوں اور بچیوں کے لئے عربی زبان کی تعلیم لازمی کر دی ہے۔ ہمارے بچوں اور بچیوں کے لئے پہلے ہی اردو، انگریزی یا کوئی ایک مادری زبان پڑھنا لازمی ہے۔ پوری دنیا کے ماہرین تعلیم تسلیم کرتے ہیں کہ بچوں اور بچیوں کے لئے بہترین ذریعہ تعلیم ان کی مادری زبان ہی ہوسکتی ہے لیکن جیسا کہ عرض کیا گیا بعض محب وطن لیکن نادان لوگوں نے سکولوں کے بچوں بچیوں کے لئے عربی زبان کی تعلیم حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ ہمارے پاس عربی پڑھا سکنے والے اساتذہ تو شاید موجود ہوں لیکن عربی کی تعلیم حاصل کرنا بچوں کیلئے کار دارد کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کیلئے گویا یہ جوئے شیر لانے کے ہم معنٰی ہے، غالب کہتا ہے کہ:
میں نے مجنوں پہ لڑکپن میں اسد
سنگ اٹھایا تھا کہ گھر یاد آیا
بچوں اور بچیوں کو عربی کی لازمی تعلیم دینا گویا بچوں اور بچیوں کو بقول غالب سنگ اٹھانے پر مجبور کرنا ہے۔ میں نے اپنے گھر میں بچوں اور بچیوں کو دیکھا ہے کہ سخت محنت کرنے اور مغز ماری کے باوجود عربی زبان کو سمجھنے کے حوالے سے کچھ ان کے پلے نہیں پڑتا۔ وہ اپنے ماں باپ سے کہتے ہیں کہ یہ کیا مصیبت ہم پر مسلط کر دی گئی ہے لیکن نام نہادماہرین تعلیم ہیں کہ بچوں کو ان کے کچھ نہ سمجھنے کے باوجودعربی پڑھانے پر تلے ہوئے ہیں گویا ان کی کیفیت یہ ہے کہ :
زبان یار من ترکی ومن ترکی نمے دانم
عین ممکن ہے کہ کچھ بچوں اور بچیوں کو عربی زبان کی کچھ شد بد بھی آجاتی ہو لیکن ایسی شد بد کا کیا فائدہ جو انہیں کوئی بھی کام کرنے کے قابل نہ بنا سکے۔ عربی زبان کی تعلیم حاصل کرکے وہ نہ تو دنیا کا کوئی کام کرسکتے ہیں نہ دین کا۔ میرا خیال ہے کہ عربی کو بچوں بچیوں کے لئے لازم قرار دینے کافیصلہ غالباً جنرل شیر علی خاں مرحوم کے زمانے میں ہوا تھا۔ وہ نظریہ پاکستان کے بہت بڑے علمبردار بنتے تھے۔ انہوں نے جنرل یحییٰ خان سے اس کے لئے بڑے فنڈز لئے اور انہیں عربی پڑھانے پر صرف کیا۔ میرے لئے یہ سمجھنا آسان نہیں کہ انہوں نے یہ کام کیوں کیا اور کس کے کہنے پر کیا ۔ دنیا چاند تک پہنچ گئی ہے اور ہم اپنے بچوں کو عربی پڑھا رہے ہیں۔ پورے مغرب میں سائنس کا دور دورہ ہے انہوں نے یہ کام عربی پڑھ کر تو نہیں کیا۔ عربی پڑھنا سعودی عرب، مصر، شام، اردن اور دوسرے عرب ممالک کے لئے تو قابل فہم ہے اور وہ اس میں کمالات بھی دکھا سکتے ہیں اور انہوں نے کمالات دکھائے ہیں۔عرب دنیا کاتمام نقشہ تیزی سے بدل رہا ہے سعودی عرب نے بڑے پیمانے پر گندم اگانا شروع کر دی ہے حالانکہ بقول قرآن اس وادی غیر ذی زرع میں اس سے پہلے کچھ بھی نہ تھا۔ پہاڑ ہی پہاڑ تھے۔ بڑے بڑے صحراً تھے جس کا حال جرمن نو مسلم علامہ محمد اسد نے اپنی کتاب ”دی روڈ ٹو مکہ“ میں بیان کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ جب ہم صحراؤں میں سفر کرتے تھے تو ریت کے بڑے بڑے ٹیلے (Drones???)بن جاتے تھے جن میں مسافر کے لئے راہ تلاش کرنا قریب قریب ناممکن ہو جاتا تھا۔ ہر وقت انہیں اپنے پاس پانی کا ذخیرہ رکھنا پڑتا تھا۔ اپنی اسی کتاب میں انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ تازہ کافی کی خوشبو اتنی مسحورکن ہوتی تھی جیسے ایک نوجوان خاتون سے بغل گیر ہونا۔ تو یہ تھی اس وقت جزیرہ عرب کی حالت۔ مولانا الطاف حسین حالی نے اس کا نقشہ یوں کھینچا ہے:
بہائم کی اور ان کی حالت ہے یکساں
کہ جس حال میں ہیں اسی میں ہیں شاداں
نہ ذلت سے نفرت نہ عزت کا ارماں
نہ دوزخ سے ترساں نہ جنت کے خواہاں
لیا عقل و دیں سے نہ کچھ کام انہوں نے
کیا دین برحق کو بدنام انہوں نے
تو عرض کرنے کا مطلب یہ ہے کہ عربی عربوں کی زبان ہے۔ بلاشبہ عربی ایک انتہائی فصیح و بلیغ زبان ہے اور اچھی خاصی مشکل بھی۔ اس کی گرامر کو سمجھنا عربوں کا کام ہے ہمارے نوجوان بچوں اور بچیوں کا نہیں۔ وہ لاکھ مغز کھپائیں یہ کام نہیں کرسکتے اردو کا ایک مقولہ ہے جس کا کام اسی کو ساجے۔دوسرا کرے تو ٹھینگا بھاجے۔ معلوم نہیں ہم کیوں تلے ہوئے ہیں کہ ہمارا بھی ٹھینگا بھاجے۔ ہمیں ان لوگوں سے جان چھڑانی چاہئے جو ہم پر عربی ایک لازمی مضمون کے طور پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک عجمی پودا عجمی زمین میں پھل پھول نہیں سکتا، برگ و بار نہیں لاسکتا۔ دنیا میں عقل عام (Common Sense)بھی کوئی چیز ہے اگرچہ کہتے ہیں کہ:
Common Sense is the most uncommon Phenomenon
ترجمہ:عقل عام سب سے نایاب چیز ہے“
عقل عام کے ادنیٰ ترین تقاضوں کو سمجھنا چاہئے اور عربی زبان کو ایک لازمی مضمون کے طور پر ختم کر دینا چاہئے ایسا ہوا تو بچوں اور بچیوں کے سر سے ایک بہت بڑا بوجھ اتر جائے گا اور ان کے والدین حکومت کو دعائیں دیں گے۔ ہاں عربی زبان کو ایک آپشنل (اختیاری بمقابلہ) لازمی زبان کے طور پر رکھ لیا جانا ایک مستحسن فیصلہ قرار پائے گا۔
———————————————————————————————-
یہاں ارشاد احمد حقانی کا شاہکار کالم ختم ہوتا ہے اور یہیں سے دوسرے شاہکار کا آغاز ہوتا ہے جو روزنامہ جسارت کراچی کے ممتاز کالم نگار ابو نثر نے تحریر کیا ہے۔ یہ کالم حقانی صاحب کی “زمین” پر ہی لکھا گیا ہے
ذرا ملاحظہ کیجیے:
محترم قارئین ادھر کچھ عرصہ سے بوجۂ علالتِ ذہنی میرے لیے کالم لکھنا ممکن نہیں ہوا۔ اچھا ہوا کہ آپ ایک ناگوار زحمت سے بچ گئے۔ اگرچہ میں اب بھی ذہنی طور پر علیل ہوں‘ لیکن آج ایک ایسا مسئلہ میرے سامنے ہے کہ میں اپنی ذہنی علالت کے باوجود اس پر لکھنے پر مجبور ہوں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ادھر کچھ عرصہ سے بعض محب وطن لیکن نادان لوگوں نے اسکولوں (جسے میں ہمیشہ سُکولوں کہتا‘ لکھتا اور پڑھتا آیا ہوں) کے بچوں اور بچیوں کے لیے عربی زبان کی تعلیم لازمی کردی ہے۔ ہمارے بچوں اور بچیوں کے لیے پہلے ہی انگریزی پڑھنا لازمی ہے۔ بلکہ ابتدائی جماعتوں سے تمام مضامین انگریزی میں پڑھنا اُن پر فرض ہے۔ پوری دُنیا کے ماہرین تسلیم کرتے ہیں کہ بچوں کے لیے بہترین ذریعہ تعلیم اُن کی مادری زبان ہی ہوسکتی ہے۔ پس انگریزی سے زیادہ مامتا بھری مادری زبان بھلا اورکون سی ہوسکتی ہی؟ ہمارے پاس انگریزی پڑھا سکنے والے اساتذہ توشاید موجود ہوں لیکن عربی کی تعلیم حاصل کرنا بچوں کے لیے ” کارے دارد“ (جسے میں کاردار صاحب سے متاثر ہونے کی وجہ سے ہمیشہ” کاردارد“ لکھتا‘ پڑھتا اور بولتا آیا ہوں) کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے لیے گویا یہ جوئے شیر لانے کے ہم معنی ہے‘ غالب کہتا ہے کہ:
میں نے مجنوں پہ لڑکپن میں اسد
سنگ اُٹھایا تھا کہ سر یاد آیا
بچوں اور بچیوں کو عربی کی لازمی تعلیم دینا گویا بچوں اور بچیوں کو بقولِ غالب سنگ اُٹھانے پر مجبور کرنا ہے (وہ بھی انگریزی کے مجنوؤں پر)۔ میں نے اپنے گھر میں بچوں اور بچیوں کو دیکھا ہے کہ سخت محنت کرنے اور مغز ماری کے باوجود عربی زبان کو سمجھنے کے حوالے سے کچھ اُن کے پلے نہیں پڑتا۔ وہ اپنے ماں باپ سے (جس میں سے ایک میں بھی ہوں) کہتے ہیں کہ یہ کیا مصیبت ہم پر مسلط کردی گئی ہے۔ حالاں کہ ”مصیبت“ اور ”مسلط“ بھی عربی کے الفاظ ہیں۔ خود میرے نام کا ایک ایک لفظ عربی میں ہے چناں چہ میرا نام بھی کبھی اُن کے پلے نہیں پڑتا۔ میرے بعض بچوں کے اپنے نام بھی عربی الفاظ میں ہیں‘ لہٰذا خود اپنا نام بھی ان کے پلے نہیں پڑتا۔ حتیٰ کہ میں نے یہ ”لہٰذا“ لکھنے کے بعد جو ”حتیٰ“ لکھ دیا ہے‘ یہ بھی اُن کے پلے نہیں پڑتا۔ پھر اوپر جو…. علالت‘ علیل‘ مسئلہ‘ محب‘ وطن‘ تعلیم‘ لازمی‘ جماعت‘ مضامین‘ دُنیا‘ ماہرین‘ تسلیم‘ ذریعہ‘ اساتذہ‘حیثیت‘ معنی‘ بقول…. وغیرہ وغیرہ میں نے استعمال کیے ہیں (بشمول وغیرہ وغیرہ اور استعمال …. بلکہ یہ ”بشمول“ بھی) عربی النسل ہونے کی وجہ سے ہمارے بچوں کے کچھ بھی پلے نہیں پڑتا۔ جبکہ مادری زبان انگریزی خوب پلے پڑتی ہے۔ کبھی میں نے نہ ہمارے ان بچوں نے اپنی مادری زبان انگریزی کو مصیبت تو کیا ”مِزری“ تک نہیں قرار دیا اور کبھی اپنے اوپر اِسے مسلط تو کیا ”امپوزڈ“ تک نہیں جانا۔ اِس کے برعکس انگریزی کی مشکل سے مشکل اور اَدق سے اَدق اصطلاحات کو ہم اپنے پلّے اور پلُّو میں اس طرح باندھ لیتے ہیں گویا یہ الفاظ اُن کو شیرِ مادر میں ”انجیکٹ“ کرکے اُن کے رگ و ریشے میں دوڑا دیے گئے ہوں۔
عین ممکن ہے کہ کچھ بچوں اور بچیوں کو عربی زبان کی کچھ شُدبُد بھی آجاتی ہو (بعض عربی دان اِسے ”شُدھ بُدھ“ بھی لکھتے ہیں‘ مگر میں نے ان ہندی الفاظ کو بھی عربی بنالیا ہے۔ مقصد یہی ہے کہ…. کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی!) لیکن ایسی شُدبُد کا کیا فائدہ جو انھیں کوئی بھی کام کرنے کے قابل نہ بناسکے۔ عربی زبان کی تعلیم حاصل کرکے وہ نہ تو دُنیا کا کوئی کام کرسکتے ہیں نہ دین کا۔ یہاں دُنیا سے میری مُراد ظاہر ہے کہ نوعِ انسانی کی فراخ اور کشادہ دُنیا نہیں۔ مغرب اور اس کے غلاموں کی مفاد بھری دُنیا یعنی اپنی نفسانی خواہشات کی تنگ و تاریک دُنیا ہے‘ اور دین سے مُراد مذہب ِ گوسفنداں ہے۔ ورنہ بعض بے وقوف تو مجھ سے مشورہ کیے بغیر ہی دُنیا کمانے کے لیے بھی عربی سیکھ بیٹھتے ہیں اور تیل بھری دُنیائے عرب میں جاکر وہ دُنیاکماتے ہیں‘ وہ دُنیا کماتے ہیں کہ آج تک اتنی دُنیا تو میں خود بھی نہیں کماسکا۔
عربی زبان کی تعلیم حاصل کرنے والے احمق بلکہ حمقاء افریقا سے لے کر خلیج اورمشرقِ وُسطیٰ کے ممالک سمیت تمام عرب ممالک کو دُنیا کا حصہ سمجھتے ہیں۔ بھلا وہ دُنیا بھی کوئی دُنیا ہے۔ دُنیا تو فقط وہ ہے جہاں میرے گھرکے بچوں کی مادری زبان انگریزی کی تعلیم لازمی قرار دی جاسکے۔ رہا دین کا کام…. تو دیکھیے کلمہ توحید اورکلمہ شہادت عربی میں ہے‘ قرآن عربی میں ہے‘ احادیث عربی میں ہیں‘ قرونِ اُولی کے (یہ الفاظ بھی عربی میں ہیں) تمام محققین کی تحقیقات اور تصنیفات عربی میں ہیں۔ اذان عربی میں ہے‘ نماز عربی میں ہے‘ حتیٰ کہ راقم الحروف کی (یہ بھی عربی الفاظ ہیں) نمازِ جنازہ بھی عربی میں پڑھائی جائے گی۔ ان میں سے کوئی چیز بھلا کبھی میرے گھرکے بچوں کے پلے پڑی ہے جو اب پڑے گی؟ مجھے افسوس ہے کہ قرآن میرے کالم نگار بننے‘ بلکہ میرے پیدا ہونے سے بھی چودہ سوسال پہلے نازل کیا جاچکا تھا‘ اگر میرے پاکستان کے سب سے زیادہ بِکے ہوئے اخبار کا سب سے بڑاکالم نگار بننے کا انتظارکرلیا گیا ہوتا تو میں بذریعہ کالمِ ہٰذا اﷲ تعالیٰ کو یہ مفید مشورہ دے سکتا تھا کہ قرآن کو بھی انگریزئ مبین میں نازل کیا جائے‘ جوکہ میرے گھر کے بچوں کی مادری زبان ہے۔
میرا خیال ہے کہ عربی کو بچوں اور بچیوں کے لیے لازم قرار دینے کا فیصلہ غالباً جنرل شیرعلی خان مرحوم کے زمانے میں ہوا تھا۔ وہ نظریہ پاکستان کے بہت بڑے عَلم بردار بنتے تھے۔آپس کی بات ہے‘ میرے خیال میں نہیں بلکہ میرے علم میں یہ بات ہے کہ سب سے پہلے سرآغا خان نے قائدِاعظمؒ کو مشورہ دیا تھا کہ پاکستان کی سرکاری زبان عربی قرار دی جائے۔ وہ بھی تحریک ِ پاکستان کے بہت بڑے لیڈر بنتے تھے۔ مگر میں نے جان بوجھ کر اِس بات کا ذکر آپ سے نہیں کیا۔ میرے لیے یہ سمجھنا آسان نہیں کہ اُنھوں نے یہ کام کیوں کیا اور کس کے کہنے پر کیا۔ دُنیا چاند پر پہنچ گئی ہے اور ہم اپنے بچوں کو عربی پڑھا رہے ہیں۔ اگر ہم اپنے بچوں کو عربی نہ پڑھا رہے ہوتے تو آج ہم بھی چاند پر پہنچے ہوئے ہوتے۔ اور زیرِ نظر کالم آپ وہیں پر معلق ہوئے پڑھ رہے ہوتے۔ ایک امریکا کو چھوڑکر دُنیا کی بقیہ تمام اقوام اپنے اپنے بچوں کو ایک آدھ لفظ عربی کا ضرور بالضرور پڑھا بیٹھی ہوں گی تبھی تو وہ بھی چاند پر نہیں پہنچ سکیں۔
پورے مغرب میں سائنس کا دور دورہ ہے۔ اُنھوں نے یہ کام عربی پڑھ کر تو نہیں کیا۔ اب آپ یہ نہ کہہ بیٹھیے گا کہ چین‘جاپان اورکوریا میں بھی سائنس کا دور دورہ ہے‘ اُنھوں نے یہ کام انگریزی پڑھ کر تو نہیں کیا۔ کیوں کہ ہمیں اُن لوگوں سے جان چھڑانی ہے جو ہم پر عربی ایک لازمی مضمون کے طور پر مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ نہ کہ اُن لوگوں سے جو ہما رے بچوں کے منہ میں انگریزی ایک مادری زبان کی حیثیت سے بڑی محبت سے ”ٹرانسپلانٹ“ کررہے ہیں۔ ایک عربی پودا عجمی زمین میں پھل پھول نہیں سکتا‘ برگ وبار نہیں لاسکتا۔ مگر ایک فرنگی پودا ایک اِسلامی جمہوریہ کی نئی پود اوراُس کے ”ماں باپ“ کا دِل گارڈن گارڈن کرسکتا ہے۔
دُنیا میں عقلِ عام (عربی) (Common Sense) (انگریزی) بھی کوئی چیز ہے۔ اگرچہ (انگریزی میں) کہتے ہیں:
Common sense is most uncommon phenomenon
ترجمہ : عقلِ عام (عربی) سب سے نایاب چیز ہے۔
(انگریزی کا اتنا لمبا فقرہ میں نے محض آپ کو یہ دکھانے کے لیے لکھا ہے کہ دیکھیے ایک فرنگی فقرہ عجمی زمین پر کیسا پھلا پھولا اور کتنے برگ و بار لایا ہے۔ ورنہ اہل فرنگ تو باہم بس اتنا ہی کہہ کر رہ جاتے ہیں کہ:
Common Sense is not common.
عقلِ عام (عربی) کے ادنیٰ ترین تقاضوں(عربی) کو سمجھنا چاہیے اور عربی کو ایک لازمی مضمون کے طور پر فی الفور (یعنی عربی ہی میں) ختم کردینا چاہیے۔ ہاں عربی کو ایک آپشنل (اختیاری بمقابلہ) لازمی زبان کے طور پر رکھ لیا جانا ایک مستحسن (عربی) فیصلہ قرار پائے گا۔ البتہ اِس قسم کا کلمہ کفر انگریزی کے بارے میں کبھی نہیں بکا جاسکتا۔ اُمید ہے کہ میرا یہ کالم پڑھ کر اب تک آپ بھی ذہنی طور پر اچھے خاصے علیل ہوچکے ہوں گے۔ یہ بھی عربی کی وجہ سے ہے۔ اگر عربی زبان دُنیا میں سرے سے موجود ہی نہ ہوتی تو دُنیا میں ”علالت“ ہوتی نہ آپ ”علیل“ ہونے پاتے۔