سپاس نامہ برائے کرک نامہ

جب آپ اک طویل اور انجانے سفر کے لیے پہلا قدم اٹھاتے ہیں، تو یقین نہیں ہوتا کہ آخر کہاں تک پہنچ پائیں گے۔ ذہن میں کئی سوالات ابھر رہے ہوتے ہیں کہ جس منزل کا ایک دھندلا سا خواب ذہن میں سجا ہے کیا وہ کبھی شرمندۂ تعبیر بھی ہوگا؟ کچھ اسی ذہن کے ساتھ دو سال قبل ڈائری میں لکھی چند یادداشتوں، کاغذ کے چند ٹکڑوں پر لکھے گئے نسخوں اور باہمی گفتگو کے بعد دسمبر کے آخری ایام میں محمد اسد کے ساتھ مل کر اک عمارت کی پہلی اینٹ رکھی تھی۔ غالباً 26 یا 27 دسمبر کو اسد نے ڈومین خریدنے کے بعد مجھے کرک نامہ کے "لوگو" اور "تھیم" کا دیدار کروایا اور جب یکم جنوری کو شب 12 بجے سائٹ لانچ کر کے مجھے دکھائی گئی تو یقین آیا کہ اک خواب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے لیکن اندازہ نہیں تھا کہ یہ کتنا آگے جائے گا، یا ہم اسے کتناچلا پائیں گے؟

کسی دانا کا قول ہے کہ تیراکی کے بارے میں چاہے جتنا پڑھ لیں لیکن تیرنا تب تک نہیں آئے گا جب تک پانی میں کودیں گے نہیں، اور ایسا ہی کچھ ہمارے ساتھ ہوا۔ ابتدائی ڈیڑھ مہینہ چھوٹے موٹے معاملات کو نمٹانے، سمجھنے اور مبارکبادیں اور خیر خواہوں کی آراء وصول کرنے میں گزر گیا اور پھر دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ عالمی کپ 2011ء سج گیا، اک بہت بڑا چیلنج! اور محمد اسد کی مدد سے اس چیلنج سے ہم بہت اچھی طرح نبرد آزما بھی ہوئے۔ گو کہ پاکستان سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں مایوس کن شکست کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا لیکن کرک نامہ کو مستحکم پلیٹ فارم مل چکا تھا جس کی بنیاد پر ہم آنے والے مہینوں میں کام کر سکتے تھے۔

پھر ایک کے بعد دوسرا سنگ میل طے ہوتا رہا اوراس پورے سفر میں ہر قدم پر اپنے ان دوستوں کا ساتھ مجھے حاصل رہا، جن سے بیشتر سے مجھے کبھی بنفس نفیس ملنے کا موقع نہیں ملا۔ جی ہاں!بلاگستان کے ساتھیوں کا۔ آج کرک نامہ کی دوسری سالگرہ کے موقع پر مجھے سب کے فرداً فرداً نام لینے دیجیے، برادر ساجد اقبال جن کی تکنیی مہارتوں نے ہمیں اس قابل بنایا، ہم نے کرک نامہ کا آغاز ہی ان کے سرور سے کیا اور اب کرک نامہ کی نئی تھیم بھی ان کی تکنیکی مہارتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شاہ فیصل جن کے دامے، درمے، سخنے صلاح و مشوروں نے ہماری قدم قدم پر رہنمائی کی اور اک بہت بڑے قدم یعنی نئے سرور پر منتقلی میں ہمارا ساتھ دیا۔ اسی مرحلے پر ہمیں راشد کامران کی تکنیکی مہارت بھی حاصل رہی جنہوں نے اپنے کئی قیمتی گھنٹے محمد اسد کے ساتھ لگائے اور کرک نامہ کا نیا سرور سیٹ اپ مکمل کیا۔ جہانزیب اشرف، جنہوں نے کرک نامہ کے کئی اہم سلسلوں میں ہماری بھرپور معاونت کی ۔ خاور بلال، جنہوں نے اپنے تمام تر نامساعد حالات کے باوجود کرک نامہ کی نئی تھیم پر اپنے کئی دن (بلکہ مہینے) لگائے اور اس کو ڈیزائن کیا اور سب سے بڑھ کر ساجد اقبال کا، جنہوں نے اس ڈیزائن کو عملی جامہ پہنایا، اپنے قیمتی ترین وقت میں سے ہمارے لیے وقت نکالا اور دوسری سالگرہ کے موقع سے پہلے پہلے اس تھیم کو حقیقت کا روپ دیا۔ ان کے علاوہ میں محسن حجازی کا خصوصی شکر گزار ہوں گا جنہوں نے اس سفر میں ایسے مراحل پر ہماری حوصلہ افزائی کی، جب خاص طور پر مجھے ایک مرتبہ پھر قوتیں مجتمع کرنے کی اشد ضرورت تھی۔ علاوہ ازیں ایم بلال، سلمان غنی، شعیب صفدر، عمار ضیا، نعمان یعقوب، محب علوی، شہاب نفیس، عبد الغفار، شعیب احمد، آصف خان، عمر بنگش، بلال امتیاز، وقار اعظم، علی منظر، اسید اللہ، زین خان، راجا نعیم اور ڈاکٹر ظفر اقبال سمیت ان تمام کرم فرماؤں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے مختلف مراحل پر میری اور میرے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کی اور اپنی بساط کے مطابق کرک نامہ کی بھرپور مدد کی۔

میں امید کرتا ہوں کہ کرک نامہ کا نیا انداز تمام افراد کو پسند آئے گا۔ یہ خاور بلال کی خوبصورت ڈیزائننگ اور ساجد اقبال کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اور ساتھ ہی میں توقع کرتا ہوں کہ کرک نامہ کا یہ دو سالہ سفر اردو بلاگنگ کی تاریخ میں اک ہم سنگ میل ثبوت ہوگا اور عہد کرتا ہو ں کہ ہم اس سفر میں ابھی کئی منزلیں طے کریں گے، ان شاء اللہ!

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

27 تبصرے

  1. کرک نامہ کے دو کام یاب سال مکمل ہونے پر ڈھیروں مبارک باد۔ بلاشبہ یہ سال کرک نامہ کے عروج سے عبارت ہیں اور اس سپاس نامے میں اپنا نام دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔ بہت شکریہ 🙂
    اللہ پاک کرک نامہ کو مزید ترقی دے اور اسے عالمی بلاگنگ کی دنیا میں ایک مثال بنائے۔

    • ابوشامل says:

      بہت شکریہ عمار۔ میں امید کرتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں مجھے اور کرک نامہ کے دیگر ساتھیوں کا آپ کا مزید تعاون حاصل رہے گا۔

  2. مکی says:

    دو سال کی مسلسل محنت کا یہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارک باد قبول فرمائیں، بلا شبہ یہ آپ کی پختہ پلاننگ ہی ہے جو آج کرک نامہ ایک عالمی معیار کا بلاگ ہے، آپ کی ڈائیری کے اوراق کا میں خود شاہد ہوں.. نئی تھیم بہترین ہے، اور کیوں نہ ہو.. آخر ساجد اقبال صاحب کے ہاتھ جو لگے ہیں 🙂

    • ابوشامل says:

      خیر مبارک جناب۔ آپ کی نظروں نے اسے عالمی معیار کا قرار دے دیا ہے تو ہم بھی خوش ہو جاتے ہیں کچھ دیر کو۔ جی مجھے یاد ہے ان دنوں ہماری کافی ملاقاتیں ہوا کرتی تھیں اور میں نے آپ کو نظارہ بھی کروایا تھا ان نوٹس کا جو کرک نامہ بنانے کے لیے خیالات وارد ہوتے ہی میں لکھ لیا کرتا تھا۔ ساجد بھائی زندہ باد آدمی ہیں، ان کے احسانات کا بوجھ ہم کبھی نہ اتار سکیں گے۔

  3. عمر says:

    دو سال مکمل ہونے پر مبارکباد. 🙂

    • ابوشامل says:

      خیر مبارک صاحب۔ اس پورے عرصے میں آپ نے جو حوصلہ افزائی اور مدد کی میں اس پر آپ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

  4. فہد بھائی! آپ کواور آپ کے ساتھیوں کو میری طرف سے مبارکباد قبول ہو۔ اور اللہ تعالٰی آپ کی محنت کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی دے۔

    • ابوشامل says:

      جاوید بھائی مجھے وہ دن یاد ہے جب آپ نے کہا تھا کہ دیکھیں آپ کا دل اس سے کب بھرتا ہے 🙂 شاید فلمستان والے تجربے کی بنیاد پر آپ نے یہ بات کہی تھی لیکن دراصل آپ کے اس تبصرے نے بھی ہمارے لیے محرک کا کام کیا اور کٹھن ترین حالات میں بھی کرک نامہ کو چلانے کی ہمت دی۔ جس پر میں آپ کا شکر گزار ہوں اور دعاؤں کا طالب بھی۔

  5. کرک نامہ کو دوسری سالگرہ مبارک ہو. امید ہے کہ کرک نامہ آئندہ بھی یونہی ترقی و کامرانی کی منزلیں طے کریگا.
    سپاس نامہ میں ہمیں یاد رکھنے کا شکریہ.

    • ابوشامل says:

      وقار بھائی بہت شکریہ۔ آپ کی فیورز مجھے اچھی طرح یاد ہیں، جو آپ کر چکے وہ بھی اور جو آئندہ کریں گے وہ بھی 🙂

  6. بذات خود تو بچپن کے بعد کرکٹ کا کوئی خاص شوق نہیں رہا، لیکن وقتا فوقتا جب دوسرے دوستوں کی اسمیں دلچسپی دیکھتا ہوں تو کچھ جزبات پیدا ہوجاتے ہیں ۔لیکن بس وہ چند ہی لمحوں کیلئے ہوتے ہیں۔

    کرک نامہ کو ردو سیارہ پر دیکھا تو شائد ہی ایک دو بار سے زیادہ اسکا دیدار کیا ہو۔

    بہر حال ایک سنگ میل ہے جو کہ آپ نے قائم کیا ہے،اسکے لئے آپکو ڈھیروں مبارک باد۔

  7. فیصل says:

    فہد بھائی بہت بہت مبارکباد قبول کیجئے۔ انشااللہ کرکنامہ دن دوگنی رات چوگنی ترقی کریگا۔
    آپ نے فدوی کا نام خواہ مخواہ ہی ڈال دیا، حالانکہ میں اب تک تو صرف وعدے وعید سے ہی کام چلاتا رہا ہوں۔ بہرحال عزت افزائی پر مشکور ہوں۔

    • ابوشامل says:

      حضرت، اچھے انسان کی پہچان یہ ہوتی ہے کہ وہ احسان کر کے بھول جاتا ہے اور ساتھ ساتھ احسان لینے کی صورت میں اسے یاد بھی رکھتا ہے۔ آپ نے ایک بہت اہم موقع پر کرک نامہ پر جو احسان کیا تھا وہ ہمیں آج بھی بہت اچھی طرح یاد ہے۔ اور ساتھ میں ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں کبھی فرصت ملنے پر ان وعدے وعیدوں کو بھی عملی صورت میں ڈھالیں گے 🙂

  8. Rai M Azlan says:

    دو سال مکمل کرنے پر مبارکباد دعا ہے کہ آپ کو مزید کامیابیاں حاصل ہوں۔ اور ان دو سالوں میں مجھے کرکٹ سے میری اپنی زبان میں باخبر رکھنے کا شکریہ۔

    • ابوشامل says:

      بہت شکریہ رائے، مجھے خوشی ہے کہ کرک نامہ لوگوں کو باخبر رکھنے میں کسی حد تک کامیاب رہا ہے۔

  9. دوست says:

    بہترین ہے جی. جاری رکھیں اسے. اردو میں دو چار ہی کام کے موضوعاتی بلاگ ہیں اور کرک نامہ ان میں سرِ فہرست.

  10. دو سال مکمل ہونے پر بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ سبحانہ تعالیٰ آپکے شوق اور توانائیوں کو سدا جوان رکھے

    • ابوشامل says:

      بہت شکریہ جواد صاحب۔ گو کہ آپ نے ےہمیں زچ کرنے کی بڑی کوششیں کیں، لیکن "اسی آپ وڈے ضدی آں" کے مصداق ہم نے ہر اینٹ کا جواب پتھر سے دیا۔ تفنن برطرف، میں امید کرتا ہوں کہ قومی کرکٹ کا حال چاہے جو ہو لیکن کرک نامہ نے اپنی بساط کے مطابق قومی زبان میں موضوعاتی بلاگنگ پر جو کام کیا ہے، وہ اسے دیگر بلاگز سے جدا حیثیت دینے کے لیے کافی ہے۔

  11. عامر رفیق says:

    بہت عمدہ۔
    خاور بلال جیسے عالمی معیار کے آرٹسٹ اور ساجد بھائی جیسے ماہر پروگرامر کے ہاتھوں کی بنی تھیم اب تک اردو سب سے بہترین تھیم ہے۔ کرک نامہ کا صفحہ اول کھولا تو سب سے پہلے رنگوں کے خوبصورت امتزاج نے حیران بھی کیا اور فوراً شک خاور بلال کی جانب گیا۔ بحرحال کرک نامہ کو نئے پیراہن نے چار چاند لگا دیے ہیں۔
    اللہ سے دعا ہے کہ یہ سال آ پ کے لیے مزید دروازے کھولے اور اس پراڈکٹ کو مزید مقبول بنائے جسکی کہ یہ حق دار ہے۔

    • ابوشامل says:

      بہت شکریہ عامر بھائی۔ آپ ان اولین افراد میں سے تھے جنہوں نے بالکل ابتدائی دنوں میں کرک نامہ کی حوصلہ افزائی کی۔ آپ نے درست فرمایا دونوں احباب نے جس جانفشانی سے اس مرحلے کو تکمیل تک پہنچایا۔ میں امید کرتا ہوں کہ پیراہن کے علاوہ مواد میں بھی کرک نامہ اب کچھ منفرد پیش کرے گا اور ان شاء اللہ اگلی سالگرہ تک اپنی جڑیں مزید مضبوط کر لے گا۔

  12. ناصر says:

    سچی بات تو یہ ہے کہ میں بلاگ سے زیادہ آپ کی ہمت کو داد دیتا ہوں
    آپ کو مزید ہمت افزائی کی ضرورت ہے کیوں کہ ابتدا میں میرا بھی خیال تھا کہ یہ بلاگ نہیں چل سکے گا ۔

  13. السلام علیکم
    کرک نامہ کو اپنی کامیابی کے شاندار دو سال مکمل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔۔۔اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ پاک کرک نامہ کو دن رات ترقی دے آمین۔۔مجھے فخر ہے کہ میں اوائل کے ایام سے ہی کرک نامہ کا باقاعدہ قاری ہوں۔۔۔۔اور ان شاء اللہ رہوں گا
    آپ لوگوں نے واقعی کرکٹ کے چاہنے والوں کو ایک تحفہ دیا ہے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ اردو زبان میں کرکٹ کے بارے پڑھنے کو اتنا زیادہ مواد مل جائے گا
    اللہ پاک آپ کو خوش رکھے لمبی عمر دے آمین

    • ابوشامل says:

      وعلیکم السلام اور خیر مبارک وقار صاحب۔ آپ کرک نامہ کے ان مستقل قارئین میں سے ہیں جو تبصرے بھی کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں آپ کی دعاؤں اور حوصلہ افزائی کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

  14. مقیم ہند says:

    آپ جناب اور فریق کرکنامہ کو شاندار دو سال مکمل کرنے پر دل کی اتاہ گہرائیوں سے مبارکبادی پیش کرتاہوں۔ والسلام علیکم۔

  15. جناب، کرکٹ سے کوئی خاص دلچسپی تو نہیں۔
    لیکن آپ کی دو سالہ محنت اور کرک نامہ کی دھوم عموماً سنتے رہنے کی وجہ سے
    مبارک باد نہ دینا زیادتی ہو گی۔
    اس لئے ہماری طرف سے بھی بہت بہت مبارک ہو۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.