ٹیگ: ’فیض نستعلیق‘


فیض لاہوری نستعلیق

تحریر از ڈیولپمنٹ ٹیم برائے فیض لاہوری نستعلیق

یہ فانٹ جدید ترین انپیج ۳ میں شامل کردہ فیض نستعلیق کے خوبصورت ترسیمہ جات کی مدد سے تخلیق دیا گیا ہے۔ اس کا بیس فانٹ جوہر نستعلیق کی اشکال پر مبنی ہے جس کو لاہوری خط میں ڈھالنے کیلئے بہت صفائی کا خیال رکھا گیا ہے۔

تخلیق:

نوری نستعلیق اردو ٹائپو گرافی و پبلشنگ کے میدان میں تقریباً ۲۸ سال سے حکمرانی کر رہا ہے۔ اسکی آمد سے پہلے کاتب حضرات لاہوری نستعلیق میں ہی کتب و رسائل کی کتابت کرتے تھے۔ ۱۹۸۱ء میں نوری نستعلیق ایک مشینی انداز لے کر حاضر ہوا جس نے جلد ہی اردو پبلشنگ میں ایک خاص مقام حاصل کر لیا۔
آہستہ آہستہ ہاتھ کی خوبصورت کتابت ناپید ہوگئی اور یوں زمانہ جدید میں حقیقی اردو خط یعنی لاہوری نستعلیق کی کمی کا احساس شدت اختیار کر گیا۔ گو کہ مارکیٹ میں پہلے ہی نفیس نستعلیق اور اردو ماہر جیسے لاہوری طرز کے خطوط دستیاب تھے۔ مگر یہ سب صرف حرفی بنیادوں پر چلنے کی وجہ سے پبلشنگ انڈسٹری اور خاص کر انٹرنیٹ کیلئے ناقابل استعمال تھے۔
۲۰۰۸ء کے آخر میں جب انپیج ۳ ریلیز ہوا تو فیض نستعلیق کی جدت سے متاثر ہو کر اس پراجیکٹ پر کام شروع کیا گیا۔۔۔ ابتداء میں ہمیں بہت سے ٹیکنیکل مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ ہزاروں لگیچرز کو ایک فانٹ میں سمونا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ خاص کر جب آپ کے پاس ایک بھی لگیچر مکمل حالت میں موجود نہ ہو۔ مگر پھر قسمت نے ساتھ دیا اور ہمیں کچھ ایسے پروگرامز مل گئے جن کی بدولت سالوں کا کام چند مہینوں میں ہو گیا۔
لگیچرز کے حصول کے بعد اہم مرحلہ ایک ایسے حرفی فانٹ کی تکمیل تھی جس کی بنیاد پہ ترسیمہ جات گاڑے جا سکیں۔ متعدد نستعلیقی خطوط پر ٹیسٹس لئے گئے مگر ان میں سے کوئی بھی فیض لاہوری نستعلیق کے پاس سے بھی نہیں گزرا۔ آخر کار تنگ آکر ہم نے خود ہی اس کٹھن ترین کام کو بھی کرنے کی ٹھانی اور ۲ مہینے کی جدو جہد کے بعد ایک خوبصورت کیریکٹر بیسڈ فانٹ تخلیق کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

لگیچرز :

کسی بھی نستعلیقی فانٹ کی خوبصورتی اس میں شامل ترسیمہ جات کی تعداد پر منحصر ہے۔ یہ فانٹ اب تک ریلیز ہونے والے کسی بھی اردو فانٹ کے مقابلہ میں زیادہ لگیچرز حاصل کرنے کا ریکارڈ رکھتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ۳۷۰۰۰ سادہ، ۳۷۰۰ قرآنی (بغیر اعراب کے) اور قریباً ۲۱۰۰ اعراب والے لگیچرز شامل کئے گئے ہیں۔ یوں ترسیمہ جات کی کُل تعداد ۴۳۰۰۰ لگیچرز سے تجاوز کر چُکی ہے!

لاطینی فانٹ:

ویب اور پرنٹ میڈیا کی کوالٹی کو دیکھتے ہوئے اس میں لاطینی فانٹ Arial Normalکے گلفس شامل کیے گئے ہیں۔ جو اسکی خوبصورتی میں مزید اضافے کا باعث ہیں۔

القابات :

چونکہ یہ فانٹ اسلامی کتب کی کمپوزنگ کیلئے بہت موزوں ہے۔ اس لئے جمیل نوری نستعلیق میں شامل القابات کو یہیں امپورٹ کر دیا گیا ہے۔ اس کی تفصیل ریلیز پیکیج میں دیکھیں۔

مسائل:

چونکہ تمام لگیچرز ایک حد تک دستی طور پر بنائے گئے ہیں۔ اس لئے بعض ترسیمہ جات کے ساتھ کرننگ/بیرنگز کے مسائل نظر آئیں گے۔ انشاءاللہ ان کو بھی آئندہ ریلیزیز میں بہتر کر دیا جائے گا۔

لائسنس:

یہ فانٹ تمام محبان اردو کیلئے بالکل مفت ہے! اسے آپ اپنی ویب سائٹ، بلاگ، فارم، ٹی وی غرض ہر جگہ پر بے دریغ استعمال کر سکتے ہیں۔ البتہ اپنے نام سے اسکو بیچنا یا اسکا کسی بھی رنگ میں غلط فائدہ اٹھانا منع ہے۔

فیض لاہوری نستعلیق ڈاؤن لوڈ کیجیے

Google Buzz