ٹیگ: ’ورڈپریس تھیمز‘


نئی تھیم

کسی بھی بلاگ کے مندرجات کے علاوہ اس کے لیے سب سے اہم چیز “تھیم” ہوتی ہے کیونکہ آپ کی تحاریر کیسی نظر آتی ہیں اس کا تمام تر انحصار تھیم پر ہوتا ہے۔ اگر آپ کا بلاگ ورڈپریس پر ہے تو آپ کے لیے تھیم کے انتخاب کا معاملہ اور زیادہ مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ ورڈپریس کے لیے موجودہ تھیمز کی تعداد لاکھوں میں نہیں تو ہزاروں میں ضرور ہوگی۔ 2007ء میں بلاگنگ کے آغاز کے ساتھ ہی تھیمز کی “آمد و رفت” کا سلسلہ جاری رہا جو ایک سال قبل نئے ڈومین “ابوشامل ڈاٹ کام” پر منتقلی کے بعد تھم گیا۔ azul وہ واحد تھیم تھی جو میں نے ایک سال سے زیادہ عرصہ استعمال کی اور میرے خیال میں یہ تھیم بلاگ کی پہچان بن گئی ہوگی :) لیکن پھر بھی ایک ایسی تھیم کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہی جو خاص طور پر تیار کی گئی ہو اور اس میں “سادگی و پرکاری” کا حسین امتزاج بھی ہو۔ اس ضرورت کو میرے عزیز دوست اور مشہور ڈیزائنر خاور بلال نے شدت سے محسوس کیا اور نہ صرف اس جانب توجہ دلائی بلکہ ایک نئی تھیم کو خود سے ڈیزائن کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ اور گزشتہ ماہ انہوں نے ایک تھیم ڈیزائن کر کے ارسال کی اور یوں یہ نئی تھیم ڈیولپمنٹ کے مرحلے سے گزرنے کے لیے برادر ساجد اقبال کے پاس پہنچی جنہوں نے بہت عرق ریزی سے اسے حقیقت کے قالب میں ڈھالا ہے۔ (more…)

Google Buzz

بلاگ سالگرہ اور اردو بلاگستان سے اپیل

20 ستمبر 2009ء کو ہمارے بلاگ کی دوسری سالگرہ تھی۔ رمضان کے آخری ایام اور عید کی تعطیلات کے باعث یہ موقع خاموشی کے ساتھ گزر گیا۔
20 ستمبر 2007ء کو جب بلاگنگ کا آغاز کیا تھا تو ذہن کے کسی نہاں گوشے میں بھی اسے مستقلاً جاری رکھنے کا خیال نہ تھا بلکہ یوں سمجھ لیجیے کہ مکمل خالی الذہنی کے ساتھ بلاگنگ کے میدان میں قدم رکھا، گو کہ بلاگنگ آج بھی الل ٹپ ہی جا رہی ہے لیکن یہ تبصرہ نگاروں کی ذرہ نوازی ہے کہ وہ تحاریر کو پسند کرتے ہیں، انہیں تبصروں سے نوازتے ہیں اور مزید لکھنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ میں اس موقع پر تمام تبصرہ نگاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اس موقع پر میں تمام بلاگرز سے ایک گزارش ہے۔ اردو بلاگستان میں بیشتر ساتھی ورڈپریس پر بلاگنگ کرتے ہیں اور تقریباً تمام بلاگرز ہی تھیمز تبدیل کرتے رہتے ہیں۔ میں صرف اتنی درخواست کروں گا کہ اپنی وہ تھیمز جو آپ استعمال کر چکے ہیں، ڈاؤن لوڈ کے لیے پیش کریں تاکہ وہ اردو بلاگنگ کی دنیا میں نئے آنے والے افراد کے کام آ سکیں۔

اس مقصد کے لیے میرے خیال میں منظر نامہ ایک بہت اچھا پلیٹ فارم ثابت ہوگا جہاں ہم تمام ورڈ پریس اردو تھیمز کو جمع کر سکتے ہیں۔ ماضی میں اپنے بلاگ کے لیے میں کئی ایک تھیمز پر ہاتھ صاف کیے تھے۔ ناتجربہ کاری کے باعث بہت ساری تھیمز ناقابل استعمال تھیں، جن پر میں نے اپنی بساط کے مطابق دوبارہ محنت کی ہے۔ ان تھیمز کی ٹیسٹنگ مکمل ہونے کے بعد میں انہیں چند ایک روز میں یہاں پیش کر دوں گا۔ اس وقت تک اس مطالبے پر ساتھیوں کی رائے بھی سامنے آ جائے گی۔

میرے خیال میں اگر میری اس اپیل پر 30 تھیمز بھی جمع ہو گئیں تو بہت سوں کا بھلا ہو جائے گا اور ناچیز کے بلاگ کی سالگرہ بھی ایک انوکھے انداز میں ہو جائے گی۔
بلاگ اسپاٹ پر لکھنے والے ساتھیوں کی پیشگی معذرت قبول :)

Google Buzz