ہفتۂ بلاگستان
ہفتۂ بلاگستان کے آغاز سے محض چند روز قبل ایک حادثے کا شکار ہوا۔ اللہ تبارک تعالیٰ کا شکر ہے کہ مجھ سمیت اہل خانہ میں سے کسی کو بھی سنجیدہ نوعیت کی چوٹیں یا زخم نہیں آئے البتہ میرے بائیں بازو میں مستقل تکلیف ہے اور معالجین کا کہنا ہے کہ اس کو بہتر ہونے میں 10 سے 15 دن لگ سکتےہیں۔ اب حادثے کو 15 دن گزر چکے ہیں لیکن اب بھی کام کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے خصوصاً ایسا کام جس میں دونوں ہاتھوں کا استعمال کرنا پڑے۔
اسی وجہ سے گزشتہ 2 ہفتوں سے بلاگستان سے غائب ہوں۔ میں مشکور ہوں ان تمام افراد کا جنہوں نے اردو محفل پر میری صحت یابی کے لیے دعا کی اور ان تمام بلاگرز کا بھی جنہوں نے میری غیر حاضری کو محسوس کرتے ہوئے مجھ سے بذریعہ ای میل و ٹیلی فون رابطہ کیا اور خیریت دریافت کی۔
ہفتۂ بلاگستان تو کہیں کا کہیں نکل چکا، اس لیے اس دوڑ میں میری شرکت اب مشکل ہی ہوگی لیکن اب آخری مرحلے’ٹیگ’ کا جواب دے دیتا ہوں۔
ویسے طبیعت کی بہتری کے بعد اب تمام تر توجہ رمضان المبارک اور اردو وکیپیڈیا پر ہے جو اس وقت 11 ہزار مقالہ جات کی جانب گامزن ہے۔ امید ہے کہ رمضان المبارک میں ہی اردو وکیپیڈیا کے 11 ہزار مقالہ جات مکمل ہو جائیں گے۔ ہر سال ماہ رمضان میں میری بھرپور توجہ اردو وکیپیڈیا پر رہتی ہے اور بلاگنگ کی جانب دھیان کم ہی جاتا ہے، اس کی وجہ میں آج تک نہیں سمجھ پایا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔ اردو وکیپیڈیا پر لکھے گئے نئے مضامین کے بارے میں اپ ڈیٹ جلد بلاگ پر مہیا کردوں گا۔
فی الحال یہ ٹیگ جو مجھ تک برادر راشد کامران کے ذریعے پہنچا ہے:
سوالات:
1. آپ کا نام یا نک؟
اصل نام فہد احمد ، کنیت و قلمی نام ابو شامل۔
2. آپ کے بلاگ کا ربط اور بلاگ کا نام یا عنوان؟ بلاگ کا عنوان رکھنے کی کوئی وجہ تسمیہ ہو تو وہ بھی شیئر کر سکتے ہیں۔
نام و ربط یہی ہے جو آپ دیکھ رہے ہیں البتہ اس سے قبل یہاں بلاگنگ کرتا تھا۔
3. آپ کا بلاگ کب شروع ہوا؟
ستمبر 2007ء میں
4. آپ اپنے گھر سے کون سے ایک ، دو یا زائد لوگوں کو بلاگنگ کا مشورہ دیں گے یا دے چکے ہیں؟
گھر میں سے تو کسی کو نہیں البتہ اپنے ماموں اور ان کے صاحبزادے کو مشورہ نواز چکا ہوں۔ ان کے بلاگ یہ ہیں
5. کوئی ایک ، تین یا پانچ یا زائد ایسے موضوعات جن پر لکھنے کی خواہش ہے مگر ابھی تک نہیں لکھ سکے یا آئندہ لکھنا چاہیں ؟
تاریخ پاکستان و ہندوستان پر کچھ لکھنے کا ارادہ ہے۔ دیکھتے ہیں کب موقع ملتا ہے۔ فی الحال تو ترکی میں پھنسے ہوئے ہیں۔
6. آپ کا بلاگ اب تک کس کی بدولت فعال یا زندہ ہے ؟ آپ خود یا کوئی دوسرا نام ؟
اردو سیارہ اور ان قارئین کی بدولت جو اپنا قیمتی وقت نکال کر تبصرے کرتے ہیں
7. آپ کی اردو زبان سے دلچسپی کس نام کے سبب سے ہے ؟
بچپن میں گھر میں آنے والے اردو ماہنامے یعنی نونہال، تعلیم و تربیت، ساتھی، آنکھ مچولی وغیرہ۔ میری مادری زبان سندھی ہے لیکن ان رسالوں ہی کی بدولت دل میں اردو کی محبت پیدا ہوئی۔
8. کیا آپ اردو بلاگ دنیا روزانہ وزٹ کرتے ہیں اور مختلف بلاگز کسی ترتیب سے وزٹ کرتے ہیں یا جو بھی بلاگ سامنے آ جائے؟ اپنا بلاگنگ روٹ شیئر کریں ۔
تقریباً روزانہ ، ویسے تو جو بھی بلاگ سامنے آئے لیکن مندرجہ ذیل بلاگ پر کوئی بھی تحریر ہو، وہاں ضرور جاتا ہوں:
اس کے علاوہ سارہ پاکستان، عمر احمد بنگش، عنیقہ ناز اور ڈفر کے بلاگز پسند ہیں۔ نئے بلاگرز نے آتے ہی اردو بلاگستان پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ اللہ ان سب کے زور قلم میں اور اضافہ کرے۔
9. آپ کے بلاگ پر پہلے پانچ یا دس تبصرہ نگار کون سے تھے؟
10. ہفتہ بلاگستان یا اردو بلاگ دنیا سے مختلف تحریروں پر ہونے والے تبصروں میں سے چند دلچسپ یا مفید تبصرے شیئر کیجیے۔ ربط دینا نہ بھولیں ۔
تبصروں کے حوالے سے تو برادر جاوید گوندل صاحب کا نام ہی کافی ہے، ان کے تبصرے کافی جاندار و بھرپور ہوتے ہیں۔ کریمیائی مسلمانوں کا قتل عام نامی تحریر پر ان کے تبصروں نے جان ڈال دی تھی۔
11. ہفتہ بلاگستان یا اردو بلاگ دنیا سے مخلتف تحریروں سے منتخب جملے جو آپ کو پسند آئے ہوں یا جنہیں آپ تعمیری اور مفید سمجھیں۔
اچانک بوڑھا سے یہ جملہ:
آج اگر تھوڑی سی ڈھیل دی تو بڈھا اپنا بڑھاپا سنوارنے کی خاطر ہمارے حال کو اُس حال تک پہنچادے گا کہ یاد ماضی کے ساتھ ساتھ تشددِمستقبل بھی ایک مستقل استعارہ بن کے رہ جائے گا۔
12. ہفتہ بلاگستان کے بعد اب ہم “یوم بلاگستان” منایا کریں گے آپ کے خیال میں “یوم بلاگستان” ہر ہفتہ میں ایک دن منایا جائے یا ہر ماہ میں ایک دن منایا جائے؟
میرے خیال میں زیادہ بہتر یہی ہے کہ اسے سال میں ایک مرتبہ ہی منایا جائے تاکہ اس کی انفرادیت برقرار رہے۔
13. مختلف بلاگرز کو کوئی شعر یا جملہ انہیں ٹائٹل کے طور پر منسوب کریں۔
یہ کام مجھ سے نہیں ہونے کا۔
14. ہفتہ بلاگستان اور بلاگ دنیا میں شامل تحریریں جو آپ کو پسند آئی ہوں؟
غیر حاضری کے باعث ہفتۂ بلاگستان میں حاضری نہ دے سکا اس لیے اس سوال کا جواب دینا ممکن نہیں البتہ جو تحاریر اب تک دیکھ پایا ہوں ان میں راشد کامران کی اچانک بوڑھا اور خرم بشیر کی نظام تعلیم بہت اچھی تحریر لگی۔
15. ہفتہ بلاگستان اور بلاگ دنیا میں شامل کوئی بھی اپنی پسند کی تصاویر شیئر کریں جو بلاگرز کی اپنی فوٹو گرافی ہو؟ ربط ضرور دیجیے۔
خرم بشیر بھٹی کے بلاگ پر یہ تصویر
16. کن بلاگرز کو آپ کے خیال میں باقاعدگی سے لکھنا چاہیے ؟
سب سے پہلے تو راشد کامران سے ‘جوابی شکایت’ کروں گا کہ ہفتۂ بلاگستان سے قبل مجھ سمیت تقریباً تمام بلاگستان کو آپ سے یہی شکایت تھی، اب امید ہے کہ ہفتۂبلاگستان سے ملنے والی تحریک سے آپ ضرور متحرک ہوں گے
پھر وہاب اعجاز صاحب کو، ان کے مضامین بہت شاندار ہوتے ہیں۔
علاوہ ازیں چند بلاگرز ایسے ہیں جو بہت اچھا لکھتے ہیں اور باقاعدگی سے بھی لکھتے ہیں، عنیقہ ناز اور خرم بشیر۔ ان سے میری درخواست ہے کہ اپنی یہ رفتار برقرار رکھیں۔
17. بلاگ دنیا میں آپ اپنا کردار کس انداز میں ادا کرنا چاہتے ہیں یا کر رہے ہیں؟
فی الحال تو کوئی کردار نہیں ، کوشش ہوگی کہ اپنی بساط کے مطابق بلاگستان کے لیے کچھ کر سکوں۔
18. ہفتہ بلاگستان کے بارے میں آپ کے تاثرات
ہفتۂ بلاگستان بہترین انداز میں منعقد ہوا،اس کا اندازہ بلاگروں کی دلچسپی و مضامین کی تعداد سے ہوتا ہے۔
19. اگلے ہفتۂ بلاگستان کے لیے تجویز:
اگلی مرتبہ ہفتۂ بلاگستان میں موضوعات کے چناؤ کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے جو ہر روز کے حساب سے موضوعات کا چناؤ کرے، ہر مرتبہ ایک جیسے موضوعات نہیں چاہئیں۔
اب میں یہ ٹیگ ان 5 بلاگرز کی جانب بڑھاتا ہوں:








