وکیپیڈیا سرگرمیاں

گزشتہ چند ہفتوں سے وکیپیڈیا پر سرگرمیاں کچھ زیادہ بڑھ گئی ہیں اور بلاگ پر توجہ کچھ کم ہوئی ہے، کبھی کبھی یہ بھی سوچا کہ شاید خاک وہیں پہنچ گئی ہے جہاں کا خمیر تھا :) کیونکہ میں نے انٹرنیٹ پر اردو کے لیے اپنی سرگرمیوں کا آغاز وکیپیڈیا ہی سے کیا تھا لیکن پھر بلاگ قارئین کا خیال آیا تو یہاں کا رخ کرنے کی جانب مائل ہوا، کیونکہ میں اپنے بلاگ کا اصل اثاثہ ان قارئین کو سمجھتا ہوں جو اپنے قیمتی تبصروں سے نوازتے ہیں۔

گزشتہ چند دنوں میں چند ساتھی ایسے سامنے آئے جو وکیپیڈیا کا رونا روتے رہے۔ حیرت بھی ہوتی ہے، افسوس بھی ہوتا ہے، شاید غصہ بھی آتا ہو لیکن کیا کیجیے؟۔ تقریبا تمام ہی لوگ اردو وکیپیڈیا پر “مشکل اردو” کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ اب صورتحال یہ ہے کہ میری بلاگ پر گزشتہ تحاریر کے بعد انتظامیہ نے اس معاملے پر کھلی چھٹی دے رکھی ہے کہ دیکھتے ہیں معترضین کیا انقلابی اقدامات اٹھاتے ہیں۔ لیکن اب وہ بڑے بڑے معترض حضرات وکیپیڈیا پر نہیں دکھائی دے رہے جو اپنے بلاگز پر یا بالمشافہ و آن لائن ملاقاتوں میں وکیپیڈیا کی “زبوں حالی” کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں اور زبان کے غم میں مرے جاتے ہیں۔ میرا ان تمام ساتھیوں سے مطالبہ ہے کہ آئیے اردو سے اپنے لگاؤ کو ظاہر کیجیے، آپ کے لیے میدان کھلا ہے، اپنے قلم کا جادو دکھائیے اور بتائیے کہ اردو اب بھی ایک زندہ زبان ہے۔ لیکن شاید یہ پکار بھی صدا بہ صحرا ثابت ہوگی۔

میں پہلے بھی کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ اصطلاحات کے مسئلے سے دور ہٹ کر ایسے ہزاروں موضوعات ہیں جن پر اردو میں معلومات منتقل کرنے کی فوری ضرورت ہے لیکن شاید لوگوں کو اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے کا شوق ہے۔ ایک بہت بڑے اردو فورم نے بھی اپنی مسجد الگ بنانے کی کوشش کی تھی اور اردو وکیپیڈيا کے مقابلے پر ایک الگ “انسائیکلوپیڈیا” سجانے کا اعلان کیا لیکن آدھی اینٹ ہی اٹھا پائے اور آج ان کا ڈومین تک بند ہو چکا ہے۔ بہت اچھا ہوتا اگر ان کی کوششیں ایک مشترکہ منصوبے پر لگتیں لیکن انا اور ضد کا کیا کیا جائے؟

کوئی مجھے یہ بتائے کہ متنازع اصطلاحات کے حامل مضامین کی تعداد اردو وکیپیڈیامیں کتنی ہے؟ 10 فیصد؟ 20 فیصد یا زیادہ سے زیادہ 30 فیصد؟ باقی 70 فیصد کام کو کتنا سراہا گیا؟ اس سلسلے میں کام کرنے والوں کی کتنی حوصلہ افزائی کی گئی؟ میرے علاوہ تو کوئی اور بلاگ بھی نہیں لکھتا کہ اسے اپنی دل کی بھڑاس نکالنے کا موقع ملے۔ کبھی کسی “اردو کے عاشق” نے وکیپیڈیا پر جا کر ان کی کوششوں پر انہیں سلام پیش کیا؟ کبھی مسجد، افغانستان، شام، عراق، تونس، لبنان، صلیبی جنگیں، غزوۂ بدر، قرآن مجید کی سورتوں پر مضامین  دیکھنے کے بعد کسی کو توفیق ہوئی کہ ان ہزار ہا الفاظ پر مشتمل معلومات کے مصنفین کو دو لفظ خراج تحسین کے کہہ دیں۔ باقی اصطلاحاتی انتشار کا ڈھنڈورا پیٹنے کے لیے تو ہر شخص اپنی قابلیتیں جھاڑتا دکھائی دیتا ہے۔ اصطلاحات پر تحفظات مجھے بھی ہیں، اور میں ان کا اظہار بھی بارہا وکیپیڈیا پر اور بلاگ پر کر چکا ہوں، لیکن اس کا ہر گز یہ طریقہ نہیں ہے جسے ہمیشہ ہماری اردو کی “عاشق” برادری استعمال کرتی ہے کہ اردو وکیپیڈیا اور اس کے منتظمین و صارفین کو تذلیل کا نشانہ بنایا جائے۔ چند دوست ایسے بھی ہیں جنہوں نے ہمیشہ سنجیدہ انداز میں اس معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی بلکہ چند نے عملا وکیپیڈيا پر حصہ ڈالنا بھی شروع کیا لیکن بیشتر ساتھی ایسے ہیں جو فورا ہی دامن جھاڑ کر اٹھ جاتے ہیں کہ وکیپیڈیا والے تو اردو کی ایسی تیسی پھیر رہے ہیں۔ اور یہ ایک جملہ کہہ کر وہ مکمل طور پر بری الذمہ ہو جاتے ہیں اور اس اہم منصوبے کو پیروں تلے روند کر گزر جاتے ہیں۔

بہرحال اس جذباتی تقریر کے بعد مدعا یہ ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے اردووکیپیڈیا پر مصروف ہوں، بلاگ پر تحاریر بہت کم ہو گئی ہیں، جس کا احساس ہے لیکن طبیعت کی ناسازی فارغ وقت میں بلاگ کے لیے کچھ لکھنے کا موقع نہيں دے رہی۔ کوشش کروں گا کہ بلاگ کے لیے جلد از جلد کچھ لکھ پاؤں۔  فی الحال بلاگ کے کرم فرما وکیپیڈيا پر لکھے گئے تازہ مضامین ملاحظہ کریں۔

بلاد و اماکن

  • آبادان‏ – عراق کی سرحد کے قریب واقع ایک ایرانی شہر
  • ابوجا‏ – نائجیریا کا موجودہ دارالحکومت، باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت قائم کیا گیا شہر
  • ارومچی‏ – چین کے مسلم اکثریتی صوبہ سنکیانگ کا دارالحکومت
  • ازنیق‏ – ترکی کا ایک قدیم شہر جو یونانی عہد میں نیقیہ کہلاتا تھا
  • اسٹینلے‏ – جزائر فاکلینڈ کا دارالحکومت
  • بلغراد‏ – سربیا کا دارالحکومت
  • جوہانسبرگ‏ –  جنوبی افریقہ کا ایک اہم شہر
  • عین شمس‏ – مصری دارالحکومت قاہرہ کا ایک قدیم علاقہ
  • کاشغر‏‏ – چین کے مسلم اکثریتی صوبہ سنکیانگ کا ایک اہم شہر
  • کویت شہر‏ – کویت کا دارالحکومت
  • ماپوتو‏ – موزمبیق کا دارالحکومت
  • ملبورن‏ – آسٹریلیا کا ایک اہم شہر و بندرگاہ، کھیلوں کے حوالے سے دنیا بھر میں معروف
  • ممباسا‏ – کینیا کا ایک اہم شہر و بندرگاہ
  • موریہ‏ – یونان کا جزیرہ نما
  • نواکشوط‏ – موریتانیہ کا دارالحکومت
  • ہرارے‏ – زمبابوے کا دارالحکومت

جغرافیہ

  • برقہ‏ – لیبیا کا ایک جزیرہ نما جسے انگریزی میں سائرینیکا (Cyrenaica) کہا جاتا ہے
  • جربہ‏ – بحیرۂ روم میں تونس کا ایک جزیرہ
  • کوہ کینیا‏ – کینیا کا بلند ترین اور افریقہ کا دوسرا سب سے بلند پہاڑ، عالمی ثقافتی ورثے میں شامل
  • المغرب ‏‏ – جغرافیائی اصطلاح، مغربی افریقہ کے لیے استعمال کی جاتی ہے، عموما مراکش کو کہا جاتا ہے

پاکستان

سندھ کے اضلاع

اس مرتبہ پاکستان کے اضلاع کے بارے میں مضامین کو مکمل کرنے کی ایک مہم کا آغاز کیا گیا اور ابتدائی طور پر سلمان رضوی صاحب نے پنجاب کے اضلاع اور میں نے سندھ کے اضلاع پر مختصر مضامین لکھنے کی ٹھانی۔ میرے لیے پہلا اور کٹھن مرحلہ سندھ کے اضلاع کے درست اور تازہ ترین نقشے اور ان کی درست معلومات کی دستیابی کا تھا جس میں کافی وقت صرف ہوا بلکہ یہ کہنا درست ہے کہ درست نقشوں کی تیاری نے اس مرتبہ کافی وقت ضایع کروایا بہرحال سندھ کے اضلاع کے درست ترین نقشے اور معلومات کے ساتھ پہلی مرتبہ پوری معلومات انٹرنیٹ پر دستیاب ہوئی ہے۔ یہ معلومات نہ ہی حکومت سندھ کی ویب سائٹ پر موجود ہے اور نہ ہی ضلعی حکومتوں کے مضامین میں بلکہ انگریزی وکیپیڈیا پر بھی غلط معلومات کی بھرمار ہے۔

علاوہ ازیں ضلع کراچی اور اس کے قصبہ جات (ٹاؤنز) پر مضامین لکھنے کا آغاز کیا گیا ہے اور ابھی تک تین مضامین لکھے جا چکے ہیں:

متفرق

تاریخ

  • جنگ آزادی بنگلہ دیش ‏‏ – بنگلہ دیش کی پاکستان سے  علیحدگی کے لیے لڑی جانے والی جنگ، مضمون ابھی ابتدائی صورت میں ہے

ترکیات

Google Buzz

ٹیگز: ،

اب تک 23 تبصرے کیے گئے

  1. جعفر says:

    جناب میں تو حیرت سے گنگ ہوجاتا ہوں اتنی محنت دیکھ کر…
    اللہ آپ کو جزا دے اور مزید ہمت بھی دے…

    • اللہ نے ہمت تو عطا کی ہے، تبھی تو گزشتہ 3، 4 سالوں سے وکی پر ٹکے ہوئے ہیں بس دعا ہے کہ اللہ اسے برقرار رکھے۔ اصل حوصلہ جو ملتا ہے وہ اپنے جاننے والوں کو کام کرتے دیکھ کر ملتا ہے۔

  2. خرم says:

    معترضین پر آپ کے اعتراضات بھی درست ہیں فہد بھائی لیکن جیسا آپ نے فرمایا ہے بہتر یہی ہے کہ مل بیٹھ کر ایک طریقہ وضع کیا جائے نئی اصلاحات کو متعارف کروانے کا۔ شاکر بھائی کی اس بات سے میں بالکل متفق ہوں کہ نئی اصلاحات روزمرہ سے لی جانی چاہئیں کہ بصورت دیگر وہ اصلاحات شائد وکی پر تو موجود ہوں لیکن نہ کوئی انہیں پڑھے گا اور نہ سمجھے گا اور یقیناً وکی کا یہ مقصد تو نہیں ہے۔ ان اصلاحات کے لئے ہمیں عرب و فارس نہیں بلکہ اپنی علاقائی زبانوں اور انگریزی کو بھی استعمال کرنا چاہئے اور اس میں کسی تعصب کو روا نہیں رکھنا چاہئے۔ وکی پر بلاشبہ بہت اچھا کام ہورہا ہے لیکن اگر ادق اصلاحات کی وجہ سے لوگ اس کی بجائے انگریزی وکی سے ہی چپکے رہے تو پھر کیا فائدہ اتنی محنت کا؟

    • جی خرم بھائی آپ بالکل درست سمجھے میرا مطلب بھی یہی تھا کہ بھائی اعتراض ہے اور کام کو سنجیدہ بھی لیتے ہیں تو اس کو پیش کرنے اور حل کرنے کا بہتر مقام وکیپیڈیا ہے۔ وہاں آئیں، مسائل کو حل کریں، اپنے دلائل پیش کریں دوسروں کے سنیں تو پھر شاید بات بنے۔
      باقی اصطلاحات کے لیے انگریزی کی جانب رجوع کرنا چاہیے یا نہ کرنا چاہیے اس سے قطع نظر میں آپ سے اس بات پر اتفاق کروں گا کہ اگر غیر معروف اصطلاحات استعمال کی جاتی رہیں تو شاید تمام تر محنت کے باوجود اردو وکی اردو جاننے والے افراد میں مقبولیت حاصل نہ کر پائے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے اور جو بھی اصطلاح اختیار کی جائے وہ کسی مستند جگہ سے ماخوذ ہو۔

  3. ساجد says:

    فہد ، فیس بک پہ آپ کو فہرستِ دوستاں میں شامل کر کے آپ کے نام پہ کلک کیا تو اس روزنامچے تک پہنچا. یہ دیکھ کر خوشی اور اس سے زیادہ رشک آیا کہ آپ نے کتنا زبردست کام کیا ہے. اردو محفل پہ آپ کے نام سے شناسائی تو تھی لیکن آپ کی صلاحیت اور لگن اب آشکار ہوئی ہے.
    حضور ، حاضری دئیے جا رہا ہوں. آپ کی نوازش کہ بندہ کو یاد کیا مجھ ایسا جاہل اس قابل کہاں کہ اردو کی نوک پلک سنوارنے کے سلسلہ کی تنقیدی و مشاورتی بحوث میں دم مار سکے. ہاں آپ کے روزنامچہ اور مضامین کی صورت میں اردو ادب و تاریخ پہ بہت کچھ پڑھنے کو ضرور مل گیا ہے.
    اللہ ، آپ کی صلاحیتوں میں برکت عطا فرمائے،

    • ساجد بھائی، اتنی حوصلہ افزائی کا بہت شکریہ۔ بحثوں میں تو میں بھی نہیں پڑنا چاہتا، لیکن مجھے خوشی ہوگی کہ اگر میرے دوست اردو کی نئی تاریخ رقم کرنے کے کام میں میرا ساتھ دیں۔

      • *ساجد* says:

        میرے لائق کوئی خدمت ہو تو یاد فرمائیے گا. بس رواں ہفتہ میرے امتحانات ختم ہوں گے پھر میں فارغ ہوں.

        • آپ کا جذبہ لائق ستائش ہے۔ آپ جیسے پر خلوص ساتھیوں کی تو ہمیں ہمیشہ تلاش رہتی ہے۔ جس حد تک ہو سکے اردو کی اس خدمت میں حصہ بٹائیے۔ مجھے ذاتی حیثیت میں بہت خوشی ہوگی۔

  4. خاور says:

    وکی پیڈیا پر اپ جو کام کررهے هیں میں اس کو سراھتا هوں
    اور سمجھتا هوں که اپ ایک عظیم کام ميں حصه دار بن رہے هیں ،
    جو بھی کام اپ وکی پر لکھ رہے هیں وھ تو هو گا تاریخ کا حصه اور جو اپ بلاگ پر لکھ رہے هیں وھ هو گا کچھ ادب کا حصه ، لیکن ادب سے زیادھ تاریخ میں زندھ رہنا احسن کام ہے
    آپ لوگوں کی تنقید سے دل چھوٹا ناں کریں
    ان لوگوں کی تنقید بھی تاریخ کا حصه ہے
    اور اپ کا رویه بھی
    وکی پیڈیا پر کام کرنے والے سب لوگ عظیم هیں
    جو بغیر کسی لالچ کے اپنا وقت استعمال کرکے کام کررهے هیں

    • خاور بھائی، میں ہر گز کسی کی تنقید سے گھبرانے والا آدمی نہیں ہوں۔ ایسا ہوتا تو نجانے کب کا یہ کام چھوڑ چکا ہوتا، البتہ افسوس مجھے ضرور ہوتا ہے جب لوگ ایک فیصد حوصلہ افزائی نہ کریں اور ان کا تمام تر زور صرف حوصلہ شکنی پر ہو۔ اردو وکیپیڈیا پر عربی زدہ اصطلاحات کا محمد علی مکی سے بڑا مخالف شاید ہی کوئی ہو، لیکن اس کے باوجود وہ وہاں آتے ہیں، اپنا کام کرتے ہیں۔ اختلاف اپنی جگہ لیکن کام کی اہمیت کو سمجھتے اور جانتے ہیں۔ بس میں بھی یہی کہتا ہوں کہ اہمیت کو تو سمجھیں، جہاں تک ساتھ دے سکیں دیں اور اگر نہیں دے سکتے تو کم از کم کام کرنے والوں کی حوصلہ شکنی بھی نہ کریں۔

  5. مکی says:

    حسب معمول حیرت انگیز.. یہ سندھ کے اضلاع والا کام خوب کیا ہے اور شاید آپ سے بہتر کوئی کر بھی نہ پاتا.. میں آج کل کسی مسئلہ کی وجہ سے کچھ بھی نہیں لکھ پا رہا.. حتی کہ بلاگ بھی ویران ہوگیا ہے.. وکیپیڈیا پر جلد حاضری دیتا ہوں..

    • مجھے بہت خوشی ہے کہ اس وقت سندھ کے اضلاع پر سب سے بہتر مضامین اردو وکیپیڈیا پر ہیں، جو انگریزی وکیپیڈیا کے مضامین سے بھی بہتر ہیں۔ میں معلومات کے حصول کے ساتھ ساتھ ان مضامین میں مزید اضافے کیے جا رہا ہوں۔
      بنیادی ڈیٹا نہ ہونے کے باعث مزید کام کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ سندھ کے اضلاع پر کام کرنے نے ہی دماغ کی چولیں ہلا دیں۔ اب تحصیلوں میں ہاتھ ڈالا ہے تو “لگ پتہ گیا ہے”۔ مجھے اندازہ تھا کہ آپ مصروف ہوں گے اس لیے غائب ہیں۔ مصروفیت میں کمی تو نہیں ہوگی بس اللہ سے وقت میں برکت کی دعا ہے۔

  6. یہ شرارت بھرا لہجہ تو میری عادت ہے
    تو ہر اک بات پہ یوں نم نہ کیا کر آنکھیں ۔

    عزیز من آپ جو کچھ کر رہے ہیں اسے صدقہ جاریہ سمجھیے اور یقین رکھیں کہ قدر دانوں کی کمی بھی نہیں.
    خاور صاحب کی بات کو آگے بڑھاؤں گا کہ ناقدین کا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ اس چیز کو سنجیدہ لیا جاتا ہے. تنقید برائے تنقید ایک طرف لیکن تنقید کا ایک پہلو بہتری کے مواقع پیدا کرنا بھی ہے. بنیادی طور پر جن قلیل مضامین کی طرف آپ نے اشارہ کیا ہے شاید لوگ اس مخصوص روش کے مخالف ہیں وکی پیڈیا کے نہیں. تیکنیکی مضامین کو اردو میں لکھنے کے خواہشمند غالبا یہ چاہتے ہیں فارسی اور عربی غیر مروج اصطلاحات مستعار لینے کی روش اگر ترک کردی جائے یا اس پر اتنا زور نا دیا جائے تو وکی پیڈیا کی اس شاخ کے تیزی سے نمو پانے کے امکانات ہیں. باقی جی خاور صاحب کی تاریخ والی بات اپنی جگہ اہم ہے.

    • راشد بھائی، نہ مجھے اس امر میں کوئی شبہ ہے کہ ہمارا کام صدقہ جاریہ ہے اور نہ اس بات میں کوئی شک کہ قدر دان موجود نہیں۔ ضرور موجود ہوں گے لیکن خاموش ہیں البتہ ناقدین بہت زیادہ نہیں پھر بھی متحرک ہیں اور وقتا فوقتا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ ویسے ناقدین بھی وکی کی مقبولیت میں اضافے کا باعث ہی بنیں گے۔ باقی آپ اصطلاحات کے حوالے سے میرا موقف تو آپ جانتے ہی ہیں۔

  7. آپ نے یہ بالکل صحیح کہا ہے کہ :
    اصطلاحات کے مسئلے سے دور ہٹ کر ایسے ہزاروں موضوعات ہیں جن پر اردو میں معلومات منتقل کرنے کی فوری ضرورت ہے
    اور اسی کی خاطر جو کام اردو وکی پیڈیا کے ذمہ دار حضرات انجام دے رہے ہیں اس کی تعریف نہ کرنا خود کے تعصب کو ظاہر کرے گا.
    اردو کی ارتقا کے حوالے سے مشہور لغت “فیروز اللغات” میں ایک ضخیم مقالہ شامل ہے. اس کو یونیکوڈائز کرنے کی ضرورت ہے. اور اسی کے متعلق میں نے اپنے بلاگ پر تازہ تحریر یہاں لکھی ہے.

  8. فیصل says:

    مبارک باد قبول کیجئے اور شکریہ بھی.
    آپکو دیکھ کر اپنے کچھ نہ کرنے پر شرم آتی ہے، سچ کہتا ہوں.
    اللہ آپکو ہمت دے. لوگوں کی باتوں کا برا نہ منائیں، بس یہی ایک کام ہے جو انکو آتا ہے.

    • ارے فیصل صاحب، آپ یہ شرمندگی کا ذکر کر کے ہر مرتبہ مجھے کیوں شرمندہ کرتے ہیں۔ آپ جیسے قابل قدر ساتھیوں کی حوصلہ افزائی ہی تو اس کٹھن صورتحال میں بھی کام کو جاری رکھنے کی ہمت بندھاتی ہے۔
      باقی جو معترض حضرات ہیں، ان سے خدارا مجھے کوئی ذاتی پرخاش نہیں ہے۔ بس ذرا سا نظریاتی اختلاف ہے، جسے مل بیٹھ کر حل کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ ساتھی مل بیٹھنے پر راضی ہوں اور بحث اسی جگہ کریں جہاں اسے کرنا چاہیے۔

  9. زین says:

    السلام علیکم
    میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں ۔
    ماشاء اللہ آپ بہت تیز رفتاری سے کام کررہے ہیں ۔ اللہ پاک آپ کو مزید ہمت و حوصلہ عطاء فرمائے۔ آمین

  10. زین says:

    ابھی تک تو ویکی پیڈیا کو سمجھ رہا ہوں اور ساتھ ہی معلوماتی مواد اکٹھا کررہا ہوں۔

  11. عنیقہ ناز says:

    وکی پیڈیا کے سلسلے میں آپکی محنت قابل ستائش ہیں.حیرت ہے اس باب میں آپ پر تنقید کی جائے.

    • محترمہ! اس ضمن میں تنقید مجھ پر نہیں کی جا رہی بلکہ وکی پیڈیا کے ان منتظمین پر کی جا رہی ہے جو اصطلاح سازی کے حوالے سے مختلف رائے رکھتے ہیں۔ سراہنے پر آپ کا مشکور ہوں۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیجیے