ہفتۂ بلاگستان

ہفتۂ بلاگستان کے آغاز سے محض چند روز قبل ایک حادثے کا شکار ہوا۔ اللہ تبارک تعالیٰ کا شکر ہے کہ مجھ سمیت اہل خانہ میں سے کسی کو بھی سنجیدہ نوعیت کی چوٹیں یا زخم نہیں آئے البتہ میرے بائیں بازو میں مستقل تکلیف ہے اور معالجین کا کہنا ہے کہ اس کو بہتر ہونے میں 10 سے 15 دن لگ سکتےہیں۔ اب حادثے کو 15 دن گزر چکے ہیں لیکن اب بھی کام کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے خصوصاً ایسا کام جس میں دونوں ہاتھوں کا استعمال کرنا پڑے۔

اسی وجہ سے گزشتہ 2 ہفتوں سے بلاگستان سے غائب ہوں۔ میں مشکور ہوں ان تمام افراد کا جنہوں نے اردو محفل پر میری صحت یابی کے لیے دعا کی اور ان تمام بلاگرز کا بھی جنہوں نے میری غیر حاضری کو محسوس کرتے ہوئے مجھ سے بذریعہ ای میل و ٹیلی فون رابطہ کیا اور خیریت دریافت کی۔

ہفتۂ بلاگستان تو کہیں کا کہیں نکل چکا، اس لیے اس دوڑ میں میری شرکت اب مشکل ہی ہوگی لیکن اب آخری مرحلے'ٹیگ' کا جواب  دے دیتا ہوں۔

ویسے طبیعت کی بہتری کے بعد اب تمام تر توجہ رمضان المبارک اور اردو وکیپیڈیا پر ہے جو اس وقت 11 ہزار مقالہ جات کی جانب گامزن ہے۔ امید ہے کہ رمضان المبارک میں ہی اردو وکیپیڈیا کے 11 ہزار مقالہ جات مکمل ہو جائیں گے۔ ہر سال ماہ رمضان میں میری بھرپور توجہ اردو وکیپیڈیا پر رہتی ہے اور بلاگنگ کی جانب دھیان کم ہی جاتا ہے، اس کی وجہ میں آج تک نہیں سمجھ پایا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔ اردو وکیپیڈیا پر لکھے گئے نئے مضامین کے بارے میں اپ ڈیٹ جلد بلاگ پر مہیا کردوں گا۔

فی الحال یہ ٹیگ جو مجھ تک برادر راشد کامران کے ذریعے پہنچا ہے:

سوالات:

1. آپ کا نام یا نک؟

اصل نام فہد احمد ، کنیت و قلمی نام ابو شامل۔

2. آپ کے بلاگ کا ربط اور بلاگ کا نام یا عنوان؟ بلاگ کا عنوان رکھنے کی کوئی وجہ تسمیہ ہو تو وہ بھی شیئر کر سکتے ہیں۔

نام و ربط یہی ہے جو آپ دیکھ رہے ہیں البتہ اس سے قبل یہاں بلاگنگ کرتا تھا۔

3. آپ کا بلاگ کب شروع ہوا؟

ستمبر 2007ء  میں

4. آپ اپنے گھر سے کون سے ایک ، دو یا زائد لوگوں کو بلاگنگ کا مشورہ دیں گے یا دے چکے ہیں؟

گھر میں سے تو کسی کو نہیں البتہ اپنے ماموں اور ان کے صاحبزادے کو مشورہ نواز چکا ہوں۔ ان کے بلاگ یہ ہیں

سفر کہانیاں

عکس

5. کوئی ایک ، تین یا پانچ یا زائد ایسے موضوعات جن پر لکھنے کی خواہش ہے مگر ابھی تک نہیں لکھ سکے یا آئندہ لکھنا چاہیں ؟

تاریخ پاکستان و ہندوستان پر کچھ لکھنے کا ارادہ ہے۔ دیکھتے ہیں کب موقع ملتا ہے۔ فی الحال تو ترکی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

6. آپ کا بلاگ اب تک کس کی بدولت فعال یا زندہ ہے ؟ آپ خود یا کوئی دوسرا نام ؟

اردو سیارہ اور ان قارئین کی بدولت جو اپنا قیمتی وقت نکال کر تبصرے کرتے ہیں

7. آپ کی اردو زبان سے دلچسپی کس نام کے سبب سے ہے ؟

بچپن میں گھر میں آنے والے اردو ماہنامے یعنی نونہال، تعلیم و تربیت، ساتھی، آنکھ مچولی وغیرہ۔ میری مادری زبان سندھی ہے لیکن ان رسالوں ہی کی بدولت دل میں اردو کی محبت پیدا ہوئی۔

8. کیا آپ اردو بلاگ دنیا روزانہ وزٹ کرتے ہیں اور مختلف بلاگز کسی ترتیب سے وزٹ کرتے ہیں یا جو بھی بلاگ سامنے آ جائے؟ اپنا بلاگنگ روٹ شیئر کریں ۔

تقریباً روزانہ ، ویسے تو جو بھی بلاگ سامنے آئے لیکن مندرجہ ذیل بلاگ پر کوئی بھی تحریر ہو، وہاں ضرور جاتا ہوں:

راشد کامران

وہاب اعجاز خان

ابن ضیاء

ظفر احمد

خرم بشیر بھٹی

اس کے علاوہ سارہ پاکستان، عمر احمد بنگش، عنیقہ ناز اور ڈفر کے بلاگز پسند ہیں۔ نئے بلاگرز نے آتے ہی اردو بلاگستان پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ اللہ ان سب کے زور قلم میں اور اضافہ کرے۔

9. آپ کے بلاگ پر پہلے پانچ یا دس تبصرہ نگار کون سے تھے؟

محب علوی

ساجد اقبال

محمد علی مکی

محمد شاکر عزیز

عمار ضیاء خان

10. ہفتہ بلاگستان یا اردو بلاگ دنیا سے مختلف تحریروں پر ہونے والے تبصروں میں سے چند دلچسپ یا مفید تبصرے شیئر کیجیے۔ ربط دینا نہ بھولیں ۔

تبصروں کے حوالے سے تو برادر جاوید گوندل صاحب کا نام ہی کافی ہے، ان کے تبصرے کافی جاندار و بھرپور ہوتے ہیں۔ کریمیائی مسلمانوں کا قتل عام نامی تحریر پر ان کے تبصروں نے جان ڈال دی تھی۔

11. ہفتہ بلاگستان یا اردو بلاگ دنیا سے مخلتف تحریروں سے منتخب جملے جو آپ کو پسند آئے ہوں یا جنہیں آپ تعمیری اور مفید سمجھیں۔

اچانک بوڑھا سے یہ جملہ:

آج اگر تھوڑی سی ڈھیل دی تو بڈھا اپنا بڑھاپا سنوارنے کی خاطر ہمارے حال کو اُس حال تک پہنچادے گا کہ یاد ماضی کے ساتھ ساتھ تشددِمستقبل بھی ایک مستقل استعارہ بن کے رہ جائے گا۔

12. ہفتہ بلاگستان کے بعد اب ہم “یوم بلاگستان” منایا کریں گے آپ کے خیال میں “یوم بلاگستان” ہر ہفتہ میں ایک دن منایا جائے یا ہر ماہ میں ایک دن منایا جائے؟

میرے خیال میں زیادہ بہتر یہی ہے کہ اسے سال میں ایک مرتبہ ہی  منایا جائے تاکہ اس کی انفرادیت برقرار رہے۔

13. مختلف بلاگرز کو کوئی شعر یا جملہ انہیں ٹائٹل کے طور پر منسوب کریں۔

یہ کام مجھ سے نہیں ہونے کا۔

14. ہفتہ بلاگستان اور بلاگ دنیا میں شامل تحریریں جو آپ کو پسند آئی ہوں؟

غیر حاضری کے باعث ہفتۂ بلاگستان میں حاضری نہ دے سکا اس لیے اس سوال کا جواب دینا ممکن نہیں البتہ جو تحاریر اب تک دیکھ پایا ہوں ان میں راشد کامران کی اچانک بوڑھا اور خرم بشیر کی نظام تعلیم بہت اچھی تحریر لگی۔

15. ہفتہ بلاگستان اور بلاگ دنیا میں شامل کوئی بھی اپنی پسند کی تصاویر شیئر کریں جو بلاگرز کی اپنی فوٹو گرافی ہو؟ ربط ضرور دیجیے۔

خرم بشیر بھٹی کے بلاگ پر یہ تصویر

16. کن بلاگرز کو آپ کے خیال میں باقاعدگی سے لکھنا چاہیے ؟

سب سے پہلے تو راشد کامران سے 'جوابی شکایت' کروں گا کہ ہفتۂ بلاگستان سے قبل مجھ سمیت تقریباً تمام بلاگستان کو آپ سے یہی شکایت تھی، اب امید ہے کہ ہفتۂبلاگستان سے ملنے والی تحریک سے آپ ضرور متحرک ہوں گے 🙂

پھر وہاب اعجاز صاحب کو، ان کے مضامین بہت شاندار ہوتے ہیں۔

علاوہ ازیں چند بلاگرز ایسے ہیں جو بہت اچھا لکھتے ہیں اور باقاعدگی سے بھی لکھتے ہیں، عنیقہ ناز اور خرم بشیر۔  ان سے میری درخواست ہے کہ اپنی یہ رفتار برقرار رکھیں۔

17. بلاگ دنیا میں آپ اپنا کردار کس انداز میں ادا کرنا چاہتے ہیں یا کر رہے ہیں؟

فی الحال تو کوئی کردار نہیں ، کوشش ہوگی کہ اپنی بساط کے مطابق بلاگستان کے لیے کچھ کر سکوں۔

18. ہفتہ بلاگستان کے بارے میں آپ کے تاثرات

ہفتۂ بلاگستان بہترین انداز میں منعقد ہوا،اس کا اندازہ بلاگروں کی دلچسپی و مضامین کی تعداد سے ہوتا ہے۔

19. اگلے ہفتۂ بلاگستان کے لیے تجویز:

اگلی مرتبہ ہفتۂ بلاگستان میں موضوعات کے چناؤ کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے جو ہر روز کے حساب سے موضوعات کا چناؤ کرے، ہر مرتبہ ایک جیسے موضوعات نہیں چاہئیں۔

اب میں یہ ٹیگ ان 5 بلاگرز کی جانب بڑھاتا ہوں:

ظفر احمد

خرم بشیر

شاہ فیصل

حیدرآبادی

عمار ابن ضیاء

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

16 تبصرے

  1. عبداللہ says:

    اللہ تعالی آپکو اور آپکے گھر والوں کو اپنی رحمت کاملہ سے شفائے کاملہ اور عاجلہ عطا فرمائے آمین،
    استغفار کیجیئے اور کچھ صدقہ خیرات وغیرہ بھی نکالیئے اللہ نے بڑی بلا ٹالی،

  2. اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی آپ سب کو جلد مکمل تندرست و صحتمند کرے اور ہمیشہ اپنے حفظ و امان میں رکھے

  3. اللہ تعالٰی آپ کو دائمی صحت و تندرستی عطا فرمائے. مضامین پسند کرنے کا شکریہ اور گیارہ ہزار کے ہدف کی تکمیل کے لیے نیک تمنائیں.
    نئے بلاگرز کے بارے میں آپ کی رائے سے بھی متفق ہوں کے ان میں چند بلا کے لکھاری اور الفاظ کے جادوگر ہیں اور اگر انہماک سے لکھتے رہیں تو کچھ بعید نہیں کہ اردو بلاگ کا اپنا ایک مستند اسلوب نکھر کر سامنے آجائے.

  4. جعفر says:

    اللہ میاں آپ کو صحت عطا فرمائیں جی
    بلاگر تو جی آپ لوگ ہی ہیں۔ آپ کے بلاگ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے جس کے لئے بندہ آپ کے نہایت مشکور و ممنون ہے۔۔۔

  5. اللہ تعالٰی آپ کو صحت عطا فرمائے
    ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں
    بہانہ نہیں چلے گا
    کوئی ٹرین نہیں نکل گئی
    آپ کو یہ تحریروں کی گنتی پوری کرنی ہی پڑے گی
    آہو 😉 .

  6. اللہ تعالیٰ آپ کو عاجلانہ صحتیابی نصیب فرمائے ، آمین۔
    آپ نے اوروں کے ساتھ ساتھ ٹیگ مجھ تک بھی پہنچایا ہے ، شکریہ ۔۔۔ رمضان کے سبب کافی مصروفیت تو ہے ۔۔۔ پھر بھی کوشش کروں گا ، وعدہ نہیں۔

  7. آپ تاریخ پاک و ہند پر لکحنا شروع کریں. ہم انتظار کر رہے ہیں.

  8. میری دُعا ہے کہ رب کریم آپ کو صحت عاجل و کاملہ عطا فرمائے.

    ہمیں آپ کی رہنمائی کی اشد ضرورت ہے ، فہد. کہیں ادھر ادھر کھو نہ جانا..

  9. مکی says:

    کچھ کمی کمی سی تھی.. آپ کی واپسی سے تسلی ہوئی..

  10. تمام ساتھیوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں، ان کی دعائیں ہی ہیں جنہوں نے ایک بڑی آزمائش سے بچا لیا۔ اللہ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔
    ڈفر! آپ کی دھمکی زیادہ کارگر نہیں لگتی، فی الحال ہماری ڈھٹائی زیادہ مضبوط دکھائی دیتی ہے 🙂
    عنیقہ صاحبہ! فی الحال تو اس پر لکھنا صرف خواہش ہی ہے، اگر کبھی مکمل کی تو جو لکھا سب کے سامنے ہوگا۔
    باقی سب ساتھیوں کا مشکور ہوں۔

  11. خرم says:

    اللہ کرم کرے۔ آپ کی غیر حاضری پر تشویش تھی لیکن نوعیت جُدا تھی۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے آپکو اپنی حفظ و امان میں رکھا۔ اللہ آپ کو اور تمام اہل خانہ کو شفائے کاملہ عاجلہ عطا فرمائے۔ آمین۔
    اس ناچیز کی تحاریر کو پسند کرنے کا اور اپنی محبتوں میں جگہ دینے کا بہت شکریہ بھیا۔

  12. خرم صاحب! تبصرے اور دعاؤں کے لیے شکریہ۔
    راشد صاحب کے لیے اطلاع ہے کہ وکیپیڈیا 11 ہزار کا سنگ میل عبور کر چکا ہے۔

  13. محترم ابو شامل صاحب!

    اللہ تعالٰی آپ کو مکمل شفا دے اور اپنی حفظ و امان میں رکھے۔آمین

    آپ نے تبصروں کے حوالے سے اس ناچیز کا نام لکھ ڈالا ہے ۔ اس سے پہلے کہ نفس پھول کر کُپا ہو۔ یہ گذارش کرنا چاہوں گا کہ میں تو متواتر طالبِ علم ہوں۔ آپ اور باقی بہت سے قابلِ صد احترام صاحبان کے سامنے میری معلومات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ اگر میری رائے یا تبصرے میں سے کوئی بات آپ کو اچھی لگی ہے تو یہ خدا کی دین ہے میرا اسمیں کوئی کمال نہیں۔ پھر بھی میں آپکے خلوص کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے مجھے یاد رکھا۔

    رمضان المبارک اور کچھ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے مجھے وقت نہیں مل سکا اس لئیے کچھ تاخیر سے میں یہ ا لفاظ لکھ رہا ہوں۔ امید کرتا ہوں کہ آپ میری کوتاہی کو درگذر فرمائیں گے۔

    دعا گو۔
    جاوید گوندل ۔ بآرسیلونا ، اسپین

  14. عیادت کا بہت شکریہ، گوندل صاحب۔
    صاحب علم افراد کی نشانی یہی ہوتی ہے کہ وہ تمام عمر طالب علم رہتے ہیں۔ علم دراصل ایک بہتا پانی ہے، اگر یہ رک جائے تو گندا تالاب بن جاتا ہے، اسے چلتے ہی رہنا چاہیے۔ اللہ آپ کے علم میں مزید اضافہ فرمائے اور حصول علم کے لیے آپ کے وقت میں برکت دے۔ آمین

  1. September 13, 2009

    [...] کچھ “براہِ راست” قسم کے نامے تو میرے نام یہاں اور یہاں بھی آئے (اور شائد کہیں اور بھی آئے ہوں لیکن دیکھ نہ [...]

  2. November 2, 2009

    [...] ہفتہ بلاگستان ٹیگ از ابو [...]

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.